تعلیم و تحقیق سے دوری مسلمانوں کے زوال کی بڑی وجہ ہے‘احسن اقبال

لاہور:وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے مسائل کا حل سیرتِ طیبہ میں ہے، تعلیم و تحقیق سے دوری مسلمانوں کے زوال کی سب سے بڑی وجہ ہے،سیرت سینٹرکے قیام کا مقصد نوجوان نسل کو نبی کریم ﷺ کی آفاقی تعلیمات سے جوڑنا ہے ، ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے نوجوان نسل کو جدید علوم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کردار سازی کی بھی اشد ضرورت ہے،مسلمانوں کو کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے اجتماعی خود احتسابی کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرت سنٹر لاہور میں سیرت کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف جامعات کے اساتذہ، طلبہ، مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیﷺ ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کیلئے بہترین مشعلِ راہ ہے، سیرتِ نبویﷺ ﷺ ہمارے لیے کامل رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور عصر حاضر کے مسائل کا حل سیرتِ طیبہ کی روشنی میں تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،سیرتِ نبویﷺ ﷺ پر عمل ہی ایک مثالی معاشرے کی بنیاد فراہم کرتا ہے،نبی کریمﷺ ﷺ نے ایسا معاشرہ تشکیل دیا جس میں انسان کی عزت، جان و مال کا تحفظ، عدل، مساوات اور باہمی احترام بنیادی اقدار تھے، آج اگر ہم اپنے معاشرے میں حقیقی امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو ہمیں سیرتِ رسول ﷺ کی آفاقی تعلیمات کو محض تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کرنا ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی تہذیب کی بقا ءکے لیے دو بنیادی عناصر انتہائی اہم ہوتے ہیں، ایک اس تہذیب کے قیام کا مقصد اور دوسرا اس کی شناخت، جب کوئی قوم اپنے مقصد اور شناخت سے دور ہوجاتی ہے تو اس کے زوال کا سفر شروع ہوجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں