ہرنائی(خ ن)ضلعی انتظامیہ ہرنائی کی جانب سے عوام الناس کے درپیش مسائل کی براہِ راست شنواہٹ اور ان کے فوری تدارک کے لیے ‘ڈپٹی کمشنر کمپلیکس ہرنائی’ میں ایک پروقار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری کی صدارت ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی نے کی۔ اس اہم اقدام کا بنیادی مقصد عام شہریوں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان حائل دوریاں ختم کرنا اور عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کرنا تھا۔اس موقع پر سول، عسکری اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے ایک پیج پر نظر آتے ہوئے عوامی مسائل سنے۔ کھلی کچہری میں ایف سی ہرنائی (81 ونگ) کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل ارباب علی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین، ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جھاکرانی اور اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی اسرار احمد شاھوانی نے بالخصوص شرکت کی۔ ان کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کے آفیسران، علاقے کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات، معتبر قبائلی عمائدین اور مذہبی رہنماو¿ں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔کچہری کے دوران علاقے کے لوگوں نے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، انفراسٹرکچر اور امن و امان سے متعلق اپنے درپیش مسائل اور درپیش مشکلات کو تفصیلاً حکام کے سامنے رکھا۔ ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور متوقع محکموں کے افسران کو متعدد مسائل پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام جائز مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ علاقے کی ترقی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کھلی کچہریوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ گڈ گورننس کے ثمرات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچ سکیں۔ تقریب کے اختتام پر سیاسی و قبائلی عمائدین نے ضلعی انتظامیہ کے اس عوام دوست اقدام کی شدید سراہنا کی۔
کھلی کچہریوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ، ارشد حسین جمالی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل