نوجوان بلوچستان کا مستقبل اورقیمتی سرمایہ ہیں، قائم لاشاری

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBOIT) کے تعاون سے بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن (BMUN) کے تین روزہ یوتھ پروگرام کا آغاز ہوگیا۔ یہ پروگرام بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں طلبہ و طالبات کو مختلف اہم قومی و عالمی امور پر اظہارِ خیال، مکالمے، بحث و مباحثے اور مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کا مستقبل اور سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں، مثبت سوچ، قائدانہ صلاحیتوں اور کاروباری شعور سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ BBOIT نوجوانوں کی صلاحیتوں کو معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ نوجوانوں کو کاروباری دنیا میں قدم رکھنے، اپنے آئیڈیاز کو عملی شکل دینے، سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے رہنمائی اور معاونت فراہم کرنا بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قائم لاشاری نے کہا کہ BMUN جیسے پروگرام نوجوانوں میں قیادت، تحقیق، مکالمے، فیصلہ سازی، تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو ترقی کے عمل میں مو¿ثر شراکت دار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بھی نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں