بچوں کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،طارق امام

گوادر(خ ن) وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن “ہر بچہ اسکول میں ” کے تحت ضلع گوادر میں تعلیمی اداروں کی نگرانی، حاضری کے نظام کی بہتری اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق امام نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوہِ سر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، تدریسی عمل، انتظامی امور اور دستیاب بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے اسکول کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے اساتذہ کی ذمہ داریوں اور طلبہ کی باقاعدہ حاضری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل اور مو¿ثر تدریسی عمل بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔اس موقع پر غیر حاضر ملازمین کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت یا بلاجواز غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد و ضوابط کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کیونکہ آج کے بچے ہی ملک و قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔ اساتذہ کی بروقت حاضری، ذمہ دارانہ تدریسی کردار اور تعلیمی اداروں میں مو¿ثر نگرانی کے ذریعے بچوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی مسلسل مانیٹرنگ، اساتذہ و طلبہ کی حاضری کی جانچ اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیمی وژن کی عملی تعبیر قرار دیا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلع گوادر میں “ہر بچہ اسکول میں” کے مقصد کو عملی شکل دینے، شرحِ حاضری میں بہتری لانے اور ہر بچے کو تعلیم کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں