بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال سے واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا

اسلام آباد/راولپنڈی ۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو طبی معائنوں کے بعد ہسپتال سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قیدی کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال لے جایا گیا۔عطا تارڑ نے بتایاکہ ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیاہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں، یہ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں صبح تقریباً پانچ بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا ہے۔دریں اثناءبانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال سے واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا ہے،انہیں ہسپتال سے اڈیالا جیل انتہائی سخت سکیورٹی میں لایا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ان کے سیل میں شفٹ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کو نصف شب کو اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ جمعرات کی صبح سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے خلاف گزشتہ روز دائر کی گئی نظر ثانی درخواست بعض اعتراض لگا کر واپس کردی تھی دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کو بیرونِ ملک بھیجنے کا امکان بھی ظاہر کر دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں