اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور شیری رحمان بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی نے اہم قومی، پارلیمانی اور سیاسی معاملات میں نظر انداز کیے جانے کی شکایات کے انبار لگا دیے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر وعدہ خلافیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا۔ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے سنگین الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔حکومتی وفد نے مو¿قف اختیار کیا کہ اگر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے ٹھوس شواہد فراہم کرے تو تحقیقات کرانے کے لیے تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق قانون سازی کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی کے خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اتحادی جماعت کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ملاقات میں دونوں جماعتوں نے قانونی اور پارلیمانی امور پر باہمی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں دونوں اتحادی جماعتیں اپنے اختلافات ختم کریں اور اس مقصد کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا چیمبر آپ کے لیے ہر وقت حاضر ہے۔
پیپلز پارٹی وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل