کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔ حکومت اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے درمیان گورنر ہاو¿س کراچی میں مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مو¿خر کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ہڑتال ختم نہیں کی گئی بلکہ حکومتی یقین دہانیوں پر مو¿خر کی گئی ہے، وعدوں پر عمل نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ احتجاج کیا جاسکتا ہے۔مذاکرات میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ملک شہزاد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ملک شہزاد نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال 9 روز سے جاری تھی، تاہم حکومتی یقین دہانیوں کے بعد اسے 40 روز کے لیے مو¿خر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پارکنگ کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر نظرثانی کے لیے حکومت نے 15 روز کا وقت لیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے ٹول ٹیکس میں کمی اور اس حوالے سے نظرثانی کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ملک شہزاد کے مطابق حکومت نے 10 وہیلر گاڑیوں کو مناسب وزن کی اجازت دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بعض مسائل حل کردیئے ہیں، جبکہ دیگر معاملات کابینہ کی منظوری سے متعلق ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز حکومت کی یقین دہانیوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، اگر وعدے پورے نہ ہوئے تو دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد روڈ کسی بھی طرح موٹر وے کہلانے کے لائق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹر وے کا کام رواں سال شروع کیا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے جو مسائل فوری طور پر حل کیے جاسکتے تھے، انہیں حل کردیا گیا ہے جبکہ بعض مطالبات کے لیے رسمی کارروائی مکمل کرنا ضروری ہے، جس کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور کسی ایسے معاملے میں نہیں پڑنا چاہتی جس سے نیا تنازع پیدا ہو۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال غیر معمولی ہے اور جنگ کے معاشی اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے ایک دوسرے کا مو¿قف سنا اور دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک کے مفاد کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت نے پورا دن معاملات حل کرنے کی کوشش کی ہے، سندھ حکومت سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور کوشش ہے کہ تمام معاملات گفت و شنید کے ذریعے طے کیے جائیں۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال 40 روز کے لیے موخر، حکومت کی یقین دہانیوں پر اتفاق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل