52 نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں رواں ماہ مقرر ہونے کا امکان

اسلام آباد: 52 نئی جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں رواں ماہ مقرر ہونے کا امکان ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر صحت، وزیر خزانہ اور ڈریپ حکام کی اہم ملاقات متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو 52 نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین اور میڈیسن ہارڈ شپ کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر صحت نے وزیراعظم سے جلد ملاقات کی درخواست کی تھی، جس کا مقصد نئی ادویات اور ہارڈ شپ کیسز پر حکومتی حمایت حاصل کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈریپ پالیسی بورڈ اور پرائسنگ کمیٹی 52 نئی ادویات کی منظوری دے چکے ہیں جبکہ کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی نے بھی 24 جولائی کو ان ادویات کی منظوری دی تھی۔ نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت کا تعین بھی کیا جا چکا ہے۔ذرائع کے مطابق 52 نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ڈریپ نئی ادویات کی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔حکام کے مطابق کابینہ کی منظوری سے قبل نئی ادویات کی ملک میں فروخت قانونی طور پر ممکن نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو مختلف امراض سے متعلق تقریباً 100 ادویات کے زیرِ التوا ہارڈ شپ کیسز پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔52 نئی ادویات میں کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، آٹو امیون ڈس آرڈرز اور انتہائی نگہداشت میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سنگین انفیکشنز، امراضِ خون اور ہنگامی علاج میں استعمال ہونے والی ادویات بھی فہرست کا حصہ ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مریضوں کے لیے جدید طریقہ علاج کی نئی ادویات ملک میں دستیاب ہونے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں