وفاقی کابینہ میں بڑے ردوبدل کا امکان‘وزیراعظم رواں ماہ تمام وزراءکی وزارتوں کی کارکردگی جائزہ کر لیں گے

اسلام آباد:وفاقی کابینہ میں بڑے ردوبدل کا امکان ہے ، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی رپورٹس موصول ہونا شروع ہو گئیں، جس کی بنیاد پر وفاقی کابینہ اور اعلی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام وزارتوں کو خط لکھ کر فروری 2024 سے اب تک کی مکمل کارکردگی رپورٹ طلب کی گئی تھی۔وزیراعظم کے پاس مختلف وزرا کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے دو اہم حساس اداروں کی رپورٹس پہلے ہی موصول ہو چکی ہیں۔وزیراعظم سے وفاقی وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کا بھی مطالبہ کیا جا چکا ہے، وفاقی وزیر محسن نقوی بھی وزیراعظم سے وفاقی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رواں ماہ کے دوران تمام وفاقی وزرا اور وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ مکمل کر لیں گے، جائزہ عمل کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف وزرا سے انفرادی طور پر ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر کا قلمدان سونپنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔وفاقی کابینہ میں کسی بھی حتمی ردوبدل یا تبدیلی سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر نواز شریف سے باضابطہ مشاورت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں