جیکب آباد، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بوسٹر ڈوز سرگرمیوں کا باقاعدہ افتتاح

جیکب آباد (رپورٹ انیس جکھرانی)ڈپٹی کمشنر جیکب آباد شہزاد احمد شاہی نے ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او (ڈبلیو ایچ او) سندھ ڈاکٹر چارلس کے ہمراہ ٹی سی ایف اسکول، صاحب دنو سومرو، یونین کونسل علی پور (تحصیل جیکب آباد) میں بوسٹر ڈوز مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر بچوں کو بوسٹر ڈوز کی خوراکیں دی گئیں، جبکہ محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت (WHO) کی ٹیم کی جانب سے مہم کے اہداف، طریقہ کار اور بچوں کو حفاظتی ویکسین کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد شاہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ویکسینیشن انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور مقررہ عمر کے ہر بچے کو بوسٹر ڈوز لازمی پلائیں تاکہ بچوں کی صحت اور مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی مستحق بچہ ویکسین سے محروم نہ رہنے پائے، جبکہ اسکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور مقامی کمیونٹی میں مہم سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائےے۔بوسٹر ڈوز مہم 18 اگست تک جاری رہے گی، جس کے دوران فیلڈ ٹیمیں مقررہ علاقوں میں جا کر بچوں کی ویکسینیشن کا عمل جاری رکھیں گی۔ڈبلیو ایچ او سندھ کے ڈاکٹر چارلس نے مہم کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بوسٹر ڈوز بچوں کی قوتِ مدافعت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے والدین اور برادری کے تعاون سے ہی اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔افتتاحی تقریب میں محکمہ صحت کے حکام، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، اسکول انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں