پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے،ڈاکٹر حمیرا طارق

لاہور (خصوصی رپورٹ)جماعت اسلامی یوتھ ویمن پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی کے موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ مال روڈ لاہور میں ”یوتھ کا پاکستان“ کے عنوان سے پروقار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات، نوجوان خواتین اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، نظریاتی شعور، تخلیقی صلاحیتوں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، یہی نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت اور سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یوتھ ٹیکنالوجی استعمال کرنا چاہتی ہے، بزنس کرنا چاہتی ہے، پاکستان کے مسائل کا حل چاہتی ہے اور ایسا پاکستان دیکھنا چاہتی ہے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ”آپ صرف فالوئنگ نہیں چاہتیں بلکہ پاکستان کے عوام کی زندگی بدلنا چاہتی ہیں۔ آپ یہ کہہ کر نہیں بیٹھ سکتیں کہ سسٹم خراب ہے، اگر سسٹم خراب ہے تو اسے ٹھیک کرنے کے لیے میدان میں آنا ہوگا اور جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔“ انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف کمپلین نہیں کریں گے، صرف سوشل میڈیا کے کسی ٹرینڈ کو فالو نہیں کریں گے بلکہ اپنی صلاحیت، کردار اور جدوجہد سے ٹرینڈ بنائیں گے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کا پاکستان محض تقریروں اور نعروں سے نہیں بنے گا بلکہ دیانت، محنت، علم، کردار اور مسلسل جدوجہد سے تشکیل پائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے نظریاتی ورثے سے جڑیں، پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں اور ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے آگے بڑھیں جہاں انصاف، امن، تعلیم، خوشحالی اور باوقار زندگی ہر شہری کا حق ہو۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے بھی نوجوانوں سے پرجوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ وقت خواب دیکھنے کا نہیں بلکہ خوابوں کو حقیقت بنانے کا ہے۔ نوجوان لڑکیاں اگر ٹھان لیں تو وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ پورے معاشرے کے لیے تبدیلی کی علامت بن سکتی ہیں۔“ انہوں نے کہا کہ یوتھ کا جذبہ ہی پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے اور یہی جذبہ ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر لے جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں