پاکستان نے ہمیشہ خطے کے امن کیلئے اہم کردار ادا کیا‘ گورنر جعفر خان

کوئٹہ(خ ن ) گورنرجعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ امن کی حفاظت طاقت سے ہی ممکن ہے۔ جب تین برادر اسلامی ممالک کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہوں تو کسی جارح کی جارحیت کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔ یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان سلامتی، اخوت اور اعتماد پر مبنی مشترکہ مستقبل کا وعدہ ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف ہمیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنائیگا بلکہ پورے خطے میں وسیع پیمانے پر سلامتی اور استحکام کا احساس بھی پیدا کریگا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ وقت کے ساتھ دیگر چھوٹے ممالک بھی اس تاریخی معاہدے کا حصہ بن سکتے ہیں کیونکہ اکیلا کھڑا ہونا انہیں مزید کمزور کر دیگا جبکہ ایک مستحکم مرکز ہمیشہ اپنے گردونواح پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔ جب مسلم دنیا کی بڑی طاقتیں ہم آہنگی پیدا کرتی ہیں تو اس سے پورے خطے میں امن یقینی بن جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں تجارتی منڈیاں زیادہ پراعتماد ہو جاتی ہیں، سرحدیں محفوظ ہوتی ہیں اور ہمارے عوام خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی خطے کے امن و استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا اور اب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان معاہدے کے بعد ہماری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔درایں اثناءگورنرجعفرمندوخیل نے کہا کہ 8 اگست منانے کا مقصد سانحہ سول ہسپتال میں شہید وکلاءکو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ آٹھ اگست کے دہشت گردانہ واقعے میں ہم صوبے کے ماہر قانون سے محروم ہو گئے، جو یقیناً ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ عدل و انصاف کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء8 اگست کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں