وندر شہر میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل تیزی سے جاری

سونمیانی وندر(رپورٹ۔زبیر بلوچ)وندر شہر میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے میونسپل کمیٹی کی جانب سے مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ میونسپل کمیٹی کا عملہ بازاروں گلی محلوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کے ساتھ سیوریج کے جمع پانی کی نکاسی میں مصروف ہے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ ، چیف آفیسر عبدالبصیر خان مندوخیل کی ہدایت پر سیکرٹری عنایت اللّٰہ راٹھوڑ کی نگرانی میں صفائی کے کاموں کا سلسلہ تیزی جاری ہے جبکہ مختلف علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب سے متعلق مسائل کا جائزہ لے کر دستیاب وسائل کے مطابق موقع پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہر کے بعض علاقوں میں سیوریج لائنوں کی بندش اور گندا پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا جس پر میونسپل کمیٹی کے عملے نے ان علاقوں میں نکاسی آب کا کام شروع کر دیا ہے۔ عملے کی جانب سے مین ہولز میں جمع کچرے اور مٹی کی صفائی کے علاوہ کھڑے گندے پانی کی نکاسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ میونسپل کمیٹی کی جانب سے محدود وسائل کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے کام جاری رکھے گئے ہیں اور جہاں سے شہریوں کی شکایات موصول ہوتی ہیں وہاں عملہ بھیج کر مسائل کے حل کی کوشش کی جا رہی ہے اور شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے کاموں کو دستیاب وسائل کے مطابق جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں