بلوچستان عالمی توجہ کا مرکز‘ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں‘ بلال کاکڑ

کراچی: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال کاکڑ نے امن و امان کی صورتحال کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ قرار دینے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اس قدر خراب نہیں جس طرح بعض اوقات میڈیا میں اس کی تصویر پیش کی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ سرمایہ کاری کے عالمی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے جبکہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں کر رہے ہیں اور حالیہ دنوں میں ان کارروائیوں کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر FPCCI کے صدر عاطف اکرام شیخ، چیئرمین ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین سمیت فیڈریشن کے دیگر ارکان اور عہدیداران بھی موجود تھے۔بلال کاکڑ نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیابیوں، صوبائی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے کردار اور جاری و زیر غور سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے شرکاءکو تفصیلی آگاہ کیا۔انہوں نے ملک بھر کی تاجربرادری کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان رقبے کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور قدرتی وسائل، معدنیات، ساحلی پٹی، گوادر پورٹ، زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز، سیاحت اور قابل تجدید توانائی سمیت متعدد شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع رکھتا ہے۔ حکومت بلوچستان ان مواقع کو معاشی سرگرمیوں، روزگار اور پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سہولت کاری اور نجی شعبے کے اعتماد کی بحالی کو خصوصی ترجیح دی ہے۔ حکومت کا مقصد سرمایہ کاروں کو محفوظ، شفاف اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت سے استفادہ کر سکیں۔اس موقع پر FPCCI کے صدر عاطف اکرام شیخ اور چیئرمین ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور نجی شعبے کی شمولیت کے حوالے سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں