وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کے مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز کو یقینی بنایا جائے ،بجلی کی ترسیلی کمپنیز کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کےلئے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے،نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کیے جانے والے کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں،ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔ بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیم نو کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے ترسیلی کمپنیز کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے اب تک کہ کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ مزید براں، نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیم نو کے تناظر میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے ترسیلی کمپنیز کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے اب تک کہ کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ مزید براں، نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیم نو کے تناظر میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیلی کمپنیز کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارا جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کیے جانے والے کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ عالمی معیار کی افرادی قوت اور ماہرین نجکاری کمیشن کی استعداد کار اور اداروں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنائے گی۔شہبازشریف نے کہاکہ نجکاری کے مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز کو یقینی بنایا جائے ۔وزیراعظم نے کہاکہ نجکاری کے مراحل کی سہولت کے لیے درکار تمام قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے۔وزیراعظم نے کہاکہ نجکاری میں شامل اداروں میں مستقبل میں صارفین کی شکایت کے ازالے کا جامع اور موثر انتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ترسیلی کمپنیز آئیسکو ، گیپو ، فیسکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے لیے اندرون و بیرون ملک روڈ شوز مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بتایاگیاکہ ترکیہ، سعودی عرب اور چائنہ میں روڈ شوز اور سرمایہ کاروں سے نجکاری کے تناظر میں روابط کے حوصلہ افزاءنتائج سامنے آرہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ 7 دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پالیا، اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، صرف تین برس میں سرکاری محصولات دوگنا ہوگئے۔ وہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا)کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی سربراہی میں 9 رکنی وفد سے گفتگوکررہے تھے جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، حنیف عباسی، سردار اویس احمد خان لغاری، شزا فاطمہ خواجہ، معاونین خصوصی سید طارق فاطمی ، ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ جائیکا کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک سے قابو پایا، اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے،حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں صرف تین برس میں سرکاری محصولات دوگنا ہوگئیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، معدنیات کے شعبے کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی اور فروغ کے لیے سمیڈا میں اصلاحات کر کے اسے ایک فعال اور موثر ادارہ بنایا، جائیکا کا سمیڈا کے ساتھ تعاون چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کیلئے مفید ثابت ہو گا۔وزیراعظم نے جائیکا کے صدرسے جاپان میں حالیہ زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے جاپان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر بھی اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا اور پاکستان کی شراکت داری اور تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے، جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری مشرقِ وسطی میں امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔