سندھ حکومت کاستمبر سے ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی……سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے ستمبر سے ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے، اکتوبر میں 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں کراچی لانے اور رواں سال کے آخر سے مرحلہ وار مزید ایک ہزار الیکٹرک (ای وی) بسیں پبلک ٹرانسپورٹ کے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لاڑکانہ تا قمبر اور قمبر تا شہدادکوٹ پیپلز بس سروس کے نئے روٹس بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔یہ فیصلے سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے ایک اہم اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس میں کراچی یونیورسٹی روڈ پر مکسڈ ٹریفک لائن کا ایک حصہ ستمبر میں عوام کے لیے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔ اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے تمام ڈپو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد از جلد مکمل کیے جائیں، جبکہ لاڑکانہ تا قمبر اور قمبر تا شہدادکوٹ پیپلز بس سروس کے نئے روٹس بھی فوری طور پر فعال کیے جائیں۔شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، جبکہ مرحلہ وار مزید ایک ہزار الیکٹرک بسیں بھی پبلک ٹرانسپورٹ نظام کا حصہ بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں اکتوبر میں کراچی پہنچ جائیں گی، جس سے شہریوں کو جدید، معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر مکسڈ ٹریفک لائن کا ایک حصہ ستمبر میں عوام کے لیے کھولنے سے ٹریفک کے بہاو¿ میں واضح بہتری آئے گی۔ شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، محفوظ، ماحول دوست اور قابل اعتماد پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں