پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے عمران خان کی رہائی ناگزیر ہے، علیمہ خان

کرک ۔۔۔۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور امن و امان کے چیلنجز سے نکالنے کے لیے عمران خان کی رہائی ناگزیر ہے کیونکہ پاکستان کو آج بھی ان کی قیادت کی ضرورت ہے،اراکین پارلیمنٹ حکومت کو امن کے قیام کے لیے مقامی عمائدین اور متعلقہ فریقین کے درمیان مذاکرات کرانے پر آمادہ کریں بصورت دیگر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔اتوار کے روزکرک شہر میں سٹریٹ موومنٹ کے سلسلہ میں پارٹی کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے دورحکومت میں ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن تھی، جی ڈی پی کی شرح نمو تقریباً چھ فیصد تک پہنچ گئی تھی اورکورونا کے باوجود مختلف شعبوں میں ترقی کا عمل جاری تھا۔ ملک صحیح سمت میں چل رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں ایک بیرونی سازش کے ذریعے ان کی حکومت ختم کی گئی جس کے منفی اثرات آج بھی ملک بھگت رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاسی بنیادوں پر جیل میں رکھا گیا ہے اور عوام کو اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آخر انہیں کیوں قید رکھا گیا ہے۔ ان کے بقول موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ وہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔علیمہ خان نے عمران خان کی صحت سے متعلق زیر گردش خبروں پر شدیدردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بعض ذرائع ان کے بلڈ پریشر اور طبیعت کی خرابی کے حوالے سے بے بنیاد اطلاعات پھیلا رہے ہیں حالانکہ خاندان کو ایسی کسی تشویشناک صورتحال سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ذرائع سے معلومات لینے پر انہیں بتایا گیا کہ عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے یا ان کی صحت بگڑنے کی خبریں درست نہیں ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے درست، مستند اور مصدقہ معلومات عوام کے سامنے لائی جائیں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کی صحت کے حوالے سے کوئی غیر معمولی صورتحال ہے تو حکومت اور جیل حکام اس بارے میں فوری اور واضح م¶قف اختیار کریں تاکہ بے یقینی اور قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں