کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوات کے علاقے کبل پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور نہ ہی پاکستان کے اتحاد کو کمزور کر سکتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر پولیس اہلکاروں کی جرات، فرض شناسی اور عوام کے تحفظ کے لیے قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ دار دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور امن دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام قوتیں متحد ہیں۔
امن دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،بلاول بھٹو زرداری کی سوات خودکش حملے کی مذمت
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل