پی پی کے دھاندلی کے الزامات میں تضاد ہے، پہلے 13 پھر 2 نشستوں کا دعویٓ کیا، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد :وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات میں تضا د ہے ، پہلے 13 پھر 2 نشستوں کا دعویٰ کیا۔وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے بھرپور انداز میں ووٹنگ میں حصہ لیا اور مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے پولنگ کے آغاز سے ہی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیے تھے، ابتدا میں 13 نشستوں پر دھاندلی کا دعویٰ کیا گیا تاہم بعد میں پاکستان پیپلزپارٹی نے یہ تعداد کم کرکے صرف دو نشستوں تک محدود کر دی، جو ان کے بقول الزامات میں تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ووٹرز کی سہولت کے لیے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ بھی کیا گیا۔ اہوںنے کہاکہ انتخابی عمل کے دوران صرف تین واقعات پیش آئے، آٹھ نشستوں پر پولنگ مکمل طور پر پرامن انداز میں ہوئی۔مشیر وزیراعظم نے لطیف اکبر سے متعلق پیش آنے والے واقعے پر کہا کہ یہ مخالف برادری کے افراد کے ساتھ تلخ کلامی کا معاملہ تھا ،پیپلزپارٹی کی جانب سے اسے قاتلانہ حملہ قرار دینا درست نہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مقامی افراد کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کو دل کا دورہ پڑا تھا اور وہ پیپلزپارٹی کا کارکن بھی نہیں تھا۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اہم سیاسی رہنما ہیں، تاہم پیپلزپارٹی کے بعض افراد انہیں غلط حقائق سے آگاہ کر رہے ہیں، اس لیے حقائق کو سامنے رکھ کر موقف اختیار کیا جانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں