پنجاب کے بیشتر دریاﺅں میں پانی کا بہاﺅ معمول پر، مختلف علاقوں میں سیلاب اور اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار

لاہور۔۔۔۔پنجاب کے بیشتر دریاﺅں میں پانی کا بہاﺅ معمول کے مطابق ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب ،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاﺅ نارمل سطح پر ہے۔دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاﺅ نارمل ہے۔ کالا باغ 3 لاکھ 20ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہاﺅ 2لاکھ 74ہزار ہے۔وزیر آباد ناکہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔نالہ پلکھو میں پانی کا بہاﺅ 3500کیوسک ہے۔نارروال نالہ بسنتر اور نالہ بئین میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاﺅں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہاﺅ میں اضافے کا خدشہ ہے ،لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، دریاﺅں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں، فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دریاﺅں نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں دریاﺅں ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں