میڈیا کی آزادی اور مضبوط پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں،عطاءتارڑ

اسلام آباد (این این آئی+غلام حسین) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے دو ماہ کے اندر جدید ڈیجیٹل لیب کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے صحافیوں کی فلاح، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ، ہاو¿سنگ، ہیلتھ کارڈ، روزگار کے تحفظ اور میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ نیشنل پریس کلب کی جانب سے انہیں اعزازی رکنیت بھی دی گئی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پریس کلب کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا اور ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویب سائٹ سے نیشنل پریس کلب کے انتظامی امور، ریکارڈ مینجمنٹ اور شفافیت میں نمایاں بہتری آئے گی اور اس سے ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ نیشنل پریس کلب میں آئندہ دو ماہ کے اندر جدید ڈیجیٹل لیب قائم کی جائے گی تاکہ صحافیوں کو مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل میڈیا، جدید صحافتی مہارتوں اور نئی ٹیکنالوجی سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل اسکلز سے آراستہ کرنے کے لیے جامع تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کی بھی کوشش کر رہی ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت میڈیا ہاو¿سز کے ملازمین کے روزگار کے تحفظ، واجبات اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، صحافیوں کے ہاو¿سنگ مسائل، ہیلتھ کارڈ کی بحالی، خصوصی گرانٹس اور دیگر فلاحی منصوبوں پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر کسی میڈیا ادارے میں ملازمین کو فارغ کرنے کی نوبت آئے تو متاثرہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جانی چاہیے اور میڈیا مالکان، تنظیمیں اور متعلقہ ادارے مل کر جاب سکیورٹی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی اور مضبوط پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں اور حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور میڈیا کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کے لیے ہاو¿سنگ کوٹہ، ہیلتھ کارڈ کی بحالی، خصوصی گرانٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان رو¿ف اور فنانس سیکرٹری عابد عباسی نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری ڈاکٹر فرقان رو¿ف نے نئی ویب سائٹ اور ممبران کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر رکن کی پروفائل اور پیشہ ورانہ معلومات آن لائن محفوظ اور قابلِ اپ ڈیٹ ہوں گی، جس سے انتظامی نظام مزید شفاف اور مو¿ثر ہوگا۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کو نیشنل پریس کلب کی اعزازی رکنیت کا سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام ایک ماہ پر مشتمل ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے والے شرکاءمیں اسناد بھی تقسیم کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں