عوامی شکایات پر میونسپل کمیٹی وندر نے کتا مار مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

سونمیانی وندر(زبیر بلوچ)عوامی شکایات پر میونسپل کمیٹی وندر نے کتا مار مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ ، چیف آفیسر عبدالبصیر خان مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری میونسپل کمیٹی عنایت اللّٰہ راٹھوڑ کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی وندر کے عملے نے وندر سٹی کے مختلف گلی محلوں ، رہائشی علاقوں ، بازاروں اور عوامی مقامات پر کتا مار مہم شروع کر دی ہے۔ شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث شہریوں ، خواتین ، بچوں ، بزرگوں ، طلبہ اور نمازیوں کو مشکلات کا سامنا تھا جس پر مختلف علاقوں سے میونسپل کمیٹی کو مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپل کمیٹی کی جانب سے فوری طور پر کتا مار مہم کا آغاز کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی وندر عبدالبصیر خان مندوخیل ، سیکرٹری میونسپل کمیٹی وندر عنایت اللّٰہ راٹھوڑ نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت حل فراہم کرنا میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیح ہے اور عوامی شکایات کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور شہری مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ کتا مار مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ وندر سٹی کے گنجان آباد علاقوں سمیت تمام مقامات کا احاطہ کیا جا سکے۔ کتا مار مہم کو بلا تعطل جاری رکھنے اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیں تاکہ شہریوں کو آوارہ کتوں سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں