امیر العظیم اخلاص، دیانت، استقامت، بصیرت اور حسنِ کردار کا روشن نمونہ تھے،ڈاکٹر حمیرا طارق

لاہور(پ ر)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق ،صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید ،صدر لاہور عظمی عمران نے جماعتِ اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل جناب امیر العظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات تحریکِ اسلامی، ملتِ اسلامیہ اور ملک پاکستان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین، دعوتِ اسلام، تنظیمی استحکام اور اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ اخلاص، دیانت، استقامت، بصیرت اور حسنِ کردار کا روشن نمونہ تھے۔ ان کی خدمات، حکمت، شفقت اور کارکنان کی تربیت میں ان کا نمایاں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ایک ایسی مخلص اور باکردار شخصیت سے محروم ہو گئی ہے جس نے ہر دور میں ثابت قدمی، صبر اور عزم کے ساتھ تحریک کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔انہوں نے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ امیر العظیم صاحب کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے حسنات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور ان کے اہلِ خانہ، رفقائ ، کارکنانِ تحریکِ اسلامی اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا فرمائے۔ مزید برآں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹریز جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،عطیہ نثار، عفت سجاد ، ڈاکٹر زبیدہ جبیں عائشہ سید ، ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں مرحوم کے اہلِ خانہ، امیر جماعت اسلامی پاکستان، مرکزی قیادت اور تمام کارکنان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ان کے بلندی درجات کے لیے دعا کی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں