پٹرول اور ڈیزل کی یومیہ قیمتوں کا تعین مسترد، پمپ مالکان کی ہڑتال کی دھمکی

کراچی…….پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ بنیادوں پر تعین کرنے کے حکومتی فیصلے کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، پٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز نے مسترد کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اسٹیک ہولڈرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاج اور ہڑتال سمیت سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو¿ کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت گزشتہ سات روز کی اوسط عالمی قیمت کو بنیاد بنایا جائے گا۔اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) نے مو¿قف اختیار کیا کہ نئی پالیسی سے قبل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مو¿ثر مشاورت نہیں کی گئی۔ کمپنیوں نے کہاکہ بیشتر او ایم سیز فوری طور پر یومیہ قیمتوں کے نظام پر عمل درآمد کے لیے تیار نہیں اور اس سے سپلائی چین، اسٹاک مینجمنٹ اور کاروباری امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔او ایم سیز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نئی پالیسی کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے، پہلے آزمائشی بنیادوں پر اس کا اطلاق کیا جائے اور تمام متعلقہ اداروں کے لیے واضح رہنما اصول جاری کیے جائیں تاکہ کسی بھی انتظامی یا مالی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔دوسری جانب آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی مجوزہ نظام کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو آئندہ ہفتے احتجاج، ہڑتال اور کاروبار بند کرنے کے آپشن پر غور کیا جائے گا۔پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماو¿ں نے کہاکہ ڈیلرز کے تحفظات دور کیے بغیر یومیہ قیمتوں کے نظام پر عمل درآمد ممکن نہیں۔ ان کے مطابق اس پالیسی سے پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی۔سندھ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر امیر خان نے بھی یومیہ قیمتوں کے تعین کے نظام کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کرے، بصورت دیگر پٹرول پمپ مالکان احتجاج اور کام بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لے کر ایسا قابلِ عمل نظام متعارف کرایا جائے جو صارفین اور کاروباری حلقوں دونوں کے مفاد میں ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں