نورین نیازی کے بیانات بھارتی میڈیا کی زینت بنے، عوام میں شدید غم وغصہ ہے‘ عطا تارڑ

لاہور۔۔۔۔۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے اپنے بھائی کی سیاست کے پیچھے ایسے بیانات دئیے جو بھارتی میڈیا کی زینت بنے، ان کے بیان پر عوام میں انتہائی غم و غصہ پایا جاتا ہے، سیاست کی خاطر ریاست کی بے توقیری قابل قبول نہیں،پاکستان ہے تو سب کچھ قائم ہے،پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کی سیاست دفن ہو چکی ہے،خیبرپختونخوا ہ کے مسائل پر تو انہوں نے کبھی تنقید نہیں کی۔لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں،نورین نیازی کی پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہمیشہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور پاکستان کی عزت و وقار میں اضافے کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور مسلم لیگ (ن)کی خواتین رہنماﺅں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے۔مسلم لیگ (ن)کا ہر ورکر ملکی ترقی پر یقین رکھتا ہے،کارکن ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے، کارکنوں کی جانب سے دی گئی عزت کے مشکور ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے، کشمیر بنے گا پاکستان، جبکہ دنیا بھر کے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ہجرت کرنے والوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنے دیا جائے گا۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیر کاز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، جلا ﺅگھیرا ﺅاور تشدد کی سازش کو بھی ناکام بنایا جائے گا، کشمیر میں ہونے والے انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہ کے عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے منفی سیاست کی گئی ، پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈوں پر مبنی سیاست اب دفن ہو چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں