رجسٹریشن کی تجدید اور پبلشر کے انتقال کے بعد ڈیکلریشن کے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے، اے پی این ایس

کراچی…اے پی این ایس کی ریجنل پریس کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین محمد ہمایوں گلزار کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، صدر اے پی این ایس سینیٹر سرمد علی، محمد اطہر قاضی سیکرٹری جنرل اور شہاب زبیری نائب صدر نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی ۔اجلاس میں اراکین نے نشاندہی کی کہ کلائنٹ سے ڈائریکٹ ادائیگی میں بہت تاخیر کا سامنا ہے جس کے نتیجہ میں پرنٹ میڈیا کے ادارے بالخصوص ریجنل اخبارات موجودہ ادائیگی کے غیر یقینی طریقہ کار کی وجہ سے شدید مالی بحران کا سامنا کررہے ہیں ۔ وفاق کے متعدد اداروں کی طرف سے اخبارات کے طویل عرصہ سے بل واجب الادا ہیں۔اراکین نے مطالبہ کیا کہ اشتہارات کی سینٹرلائزیشن پالیسی ختم کی جائے اور کلائنٹ (اداروں ) کو اپنا میڈیا تجویز کرنے کی سابقہ پالیسی بحال کی جائے اس سے اخبارات کے اشتہارات کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی ساتھ پی آئی ڈی کو مختلف اداروں کے اشتہارات کے میڈیا میں ایڈیشن کی زیادہ گنجائش میسر آئے گی ۔ پی آئی ڈی کے ریجنل دفاتر کراچی ، حیدرآباد ، کوئٹہ ، لاہور اور پشاور کو بھی بااختیار بنایا جائے مذکورہ دفاتر کے تجویز کردہ میڈیا کو تبدیل کرنے کی پالیسی کو فوری طور پر ختم ہونا چاہئے ۔ اجلا س میں اراکین نے مزید مطالبہ کیا کہ رجسٹریشن کی تجدید اور پبلشر کے انتقال کے بعد ڈیکلریشن کے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے اس ضمن میں غیر ضروری اور پیچیدہ کاروائی کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔اراکینِ اجلاس نے جناب منیر جیلانی کی ہمشیرہ ، قاضی امتیاز کے بیٹے اور جناب نوراللہ ملک کے والد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔اجلاس میں ہمایوں گلزار چیئرمین سیادت بہاولپور ، تنویر صدیقی (آج پشاور)، محسن سیال (آفتاب ملتان)، راﺅ نعمان اسلم (عبادت)، قاضی اسد عابد (عبرت)، سید ایاز بادشاہ (مشرق پشاور)، راﺅ امجد اقبال(ہرلمحہ)اور شاکر (مشرق کوئٹہ) نے شرکت فرمائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں