تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر کام کرنا ہوگا،شرجیل میمن

کراچی سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن سے عالمی بینک کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، جس میں جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں، مستقبل کے انفراسٹرکچر پروگرامز، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفد کو کراچی میں جاری یلو لائن بی آر ٹی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس منصوبے کو مقررہ معیار اور رفتار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔عالمی بینک کے وفد نے سندھ حکومت کی جانب سے عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات، ای وی بس سروس اور خواتین کے لیے متعارف کرائی گئی پنک ای وی اسکوٹی اسکیم کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کریں گے بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔وفد نے منصوبوں کی شفافیت، مو¿ثر نگرانی اور رسک میٹیگیشن کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے اور سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت سے منصوبوں کی پائیداری اور دائرہ کار میں مزید وسعت لائی جا سکتی ہے۔اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں۔سینئر وزیر نے وفد کو سندھ حکومت کے مجوزہ ایکسکلوسیو بس روٹس منصوبے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے نجی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت جلد تاجروں، سرمایہ کاروں اور عالمی بینک کے نمائندوں پر مشتمل ایک ورکشاپ کا انعقاد بھی کرے گی اور عالمی بینک کو اس منصوبے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی معاونت پر غور کرنے کی دعوت دی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عالمی بینک کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے اور مستقبل کے ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور شہری ترقی کے منصوبوں میں بھی عالمی بینک کی شراکت داری کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی ضرورت مسلسل بڑھ رہی ہے، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت جلد مزید 500 ماحول دوست الیکٹرک (ای وی) بسیں متعارف کرانے جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای وی بسوں کے استعمال سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی اور گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے ای وی بس سروس شروع کی، جبکہ کاربن کریڈٹس حاصل کرنے والا بھی پہلا صوبہ ہے، جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے حکومت سندھ کے مو¿ثر اقدامات کا مظہر ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کراچی سے سکھر تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے کی خواہشمند ہے، جو صوبے میں سفری سہولیات، تجارتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے عالمی بینک اور نجی سرمایہ کاروں سے اس میگا منصوبے میں سرمایہ کاری کی اپیل بھی کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں