پی آئی اے کے ایئرکرافٹ سسٹم پر 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان

کراچی۔۔۔۔۔معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے،آرمی چیف اور وزیر اعظم کو یقین دلایا ہے کہ پی آئی اے کو دوبارہ ایک رول ماڈل قومی ایئرلائن بنا کر دکھائیں گے۔انہوںنے کہا کہ پی آئی اے کی امریکہ کے لیے فضائی پروازیں رواں سال دوبارہ بحال ہونے کی توقع ہے جبکہ حکومتی معاہدے کے مطابق ایک سال تک پی آئی اے کے کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔عارف حبیب نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے پی آئی اے کی ترقی پر سرمایہ کاری بند کر دی تھی جبکہ انتظامی بدانتظامی اور مس ہینڈلنگ کے باعث قومی ایئرلائن کے بین الاقوامی روٹس متاثر ہوئے۔انہوںنے کہا کہ پی آئی اے کے بیڑے میں ہر سال پانچ نئے طیارے شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور آئندہ پانچ برس کے دوران فعال طیاروں کی تعداد بڑھا کر 60 تک پہنچائی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کے پاس 18 فعال طیارے موجود ہیں جبکہ موجودہ بیڑے میں شامل مزید 4 سے 5 طیاروں کو مرمت کے بعد دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔عارف حبیب نے مزید کہا کہ حکومتی سیل پرچیز ایگریمنٹ کے تحت 66.66 فیصد شیئرز کی ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ باقی 33 فیصد شیئرز کی ادائیگی ایک سال کے اندر مکمل کر دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں