کوئٹہ سمیت ملک بھر میں یومِ عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا

کوئٹہ سمیت ملک بھر میں یومِ عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا

کوئٹہ۔۔۔۔نواسہ رسولِ اکرم ﷺ، جگر گوش بتول حضرت امام حسین اور ان کے 72 باوفا رفقا و شہدائے کربلا کی عظیم، بے مثال اور لازوال قربانیوں کی یاد میں یومِ عاشور (10 محرم الحرام) آج جمعہ 25 جون کو ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں نہایت مذہبی عقیدت، احترام و روحانی وابستگی کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر بلوچستان اور کوئٹہ کے مختلف اضلاع میں بھی مجالسِ عزا اور ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا جہاں حضرت امام حسین اور 72 شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں یومِ عاشور کے سلسلے میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے ذوالجناح کے ساتھ برآمد ہوگا جہاں ہزاروں عزادار شرکت کریں گے۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا میزان چوک پہنچنے پر نمازِ ظہرین ادا کی جائے گی۔ اس موقع پر علمائے کرام اور ذاکرین واقع کربلا، فلسف شہادت، صبر، استقامت، حق اور باطل پر تفصیلی خطابات کریں گے۔ نماز اور مجالس کے بعد مرکزی جلوس لیاقت بازار، پرنس روڈ اور دیگر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس ناصر عزا امام بارگاہ سے ہوتا ہوا علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔یومِ عاشور کے موقع پر بلوچستان حکومت، محکمہ داخلہ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری، ایف سی، اے ٹی ایف فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی جبکہ جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔ پولیس اسپیشل برانچ اور ایف سی کی زیرِ نگرانی جلوس کی گزرگاہ پر پلازے، مارکیٹیں اور دکانوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ ایک کنٹرول روم محکمہ داخلہ اور دوسرا کنٹرول روم سی سی پی او آفس میں قائم کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ شہر اور گردونواح میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے اہم تجارتی مراکز اور شاہراہوں کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ لیاقت بازار، قندھاری بازار، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، مشن روڈ، عبدالستار روڈ، جناح روڈ، علمدار روڈ، توفیق روڈ، سرکلر روڈ، میزان چوک اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور ایف سی کے اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ متعدد کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔ دوسری جانب محکمہ صحت بلوچستان نے یومِ عاشور کے موقع پر تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سول ہسپتال کوئٹہ، بولان میڈیکل کمپلیکس(بی ایم سی)ہسپتال سمیت دیگر طبی مراکز میں اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔عزاداروں کی سہولت کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر سبیلوں اور لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا ہے جبکہ فلاحی اداروں اور رضاکار تنظیموں کی جانب سے طبی امدادی کیمپ بھی میزان چوک اور مٹھا چوک پرنس روڈ پر قائم کیے گئے ہیں۔ صفائی، روشنی، پانی اور دیگر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ امام بارگاہوں میں یومِ عاشور کے موقع پر خواتین کی مجلس کے لیے پولیس فورس کی خواتین کی ڈیوٹیز بھی لگا دی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ تمام مذہبی اجتماعات پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں