پاکستان دنیا میں پیس میکر بن چکا، اب معاشی قوت بننا ہمارا ہدف ہے‘ اسحاق ڈار
لاہور۔۔۔۔۔ نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو دنیا میں منفرد مقام عطاءکیا ہے اور آج پاکستان کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے،جو عزت آج پاکستان کو حاصل ہوئی ہے، پوری قوم اس پر شکر گزار ہے اور دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے،پاکستان عالمی سطح پر امن اور استحکام کی علامت بن رہا ہے،آج دنیا پاکستان کو دہشت گردی کے بجائے امن، استحکام اور تعمیری کردار کی علامت کے طور پر دیکھ رہی ہے، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان دوبارہ استحکام کی جانب گامزن ہے ،عالمی سطح پر اپنی مثبت شناخت کو مزید مستحکم کر رہا ہے،پاکستان دنیا میں پیس میکر بن چکا ہے ، اب ہماری منزل معاشی قوت بننا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اس مقصد کے حصول کے لیے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 983ویں غسل مبارک کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے مزار کا 983واں غسل مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا جبکہ مزار کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع کا منصوبہ جاری ہے، جس کا سہرا وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے، جہاں اللہ کی عبادت ہو رہی ہو، وہاں خدمت کا جذبہ اختیار کرنے سے ملک و قوم کے حالات بھی بہتر ہوتے ہیں، ایسے روحانی اجتماعات معاشرے میں محبت، اخوت اور استحکام کو فروغ دیتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال میں اللہ تعالی نے پاکستان سے اہم کام لیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قیام امن کے لیے شب و روز محنت کی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کرکے خطے میں امن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کی پاکستان نے سب سے پہلے مذمت کی اور مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا۔ 28فروری سے 25جون تک پاکستان نے جنگ بندی اور قیام امن کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں۔ ہماری سفارتکاری کی آج پوری دنیا معترف ہے اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک موثر اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کو عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرنے کا موقع ملا اور ملک نے ثالثی و مصالحت کے حوالے سے مثبت کردار نبھایا، اس عمل میں ٹیم کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف نے کی جبکہ فیلڈ مارشل کی خدمات بھی قابلِ تحسین رہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی تنہائی سے نکال کر عالمی سطح پر ایک موثر اور ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کیا گیا ہے، آج دنیا پاکستان کو دہشت گردی کے بجائے امن، استحکام اور تعمیری کردار کی علامت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو پیس میکر کے نام سے جانتی ہے۔ معرکہ حق کے دوران دنیا نے پاکستان کی منفرد کامیابی دیکھی اور اس کے بعد عالمی برادری پاکستان کی صلاحیتوں کی معترف ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلم امہ کی قیادت کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور ملک خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کی توفیق دی، بعد ازاں ملک نے میزائل پروگرام میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ 2017ءمیں پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار دنیا کیلئے حیران کن تھی اور ملک عالمی معیشتوں کی درجہ بندی میں 24ویں نمبر تک پہنچ گیا تھا، تاہم بعد کے برسوں میں معاشی مشکلات کے باعث پاکستان 47ویں پوزیشن تک آ گیا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معاشی استحکام کو اولین ترجیح بناتے ہوئے گزشتہ برسوں میں پیدا ہونے والے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے۔ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان دوبارہ استحکام کی جانب گامزن ہے اور عالمی سطح پر اپنی مثبت شناخت کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک قومی قیادت نے ایٹمی پروگرام کی تکمیل اور مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایٹمی قوت بنا، جبکہ اللہ تعالی نے پاکستان کو یہ عظیم صلاحیت عطا کی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی کے منفی فیصلوں کی وجہ سے ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو دوبارہ استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو گزشتہ دور کے منفی معاشی فیصلوں کو درست کرنے میں وقت لگا، لیکن اب پاکستان دن بدن ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے