واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں ،ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے، صدر

واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں ،ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے، صدر

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔صدر مملکت آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں ،ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے، ہمیں ہم حضرت امام حسینؓ کی سیرت سے حق پسندی، اخلاقی جرات، صبر و تحمل، ایثار اور خدمتِ خلق کے اوصاف کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے ، تمام پاکستانی عاشورہ کے ایام میں امن، رواداری، بین المسالک احترام اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیں، افواہوں اور اشتعال انگیز رویّوں سے اجتناب کریں اور قومی وحدت و یکجہتی کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔یومِ عاشورہ (10 محرم الحرام 1448ھ) کے موقع پر صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زر داری نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ یومِ عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور بامعنی دن ہے جو ہمیں صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے،یہ دن کئی اہم تاریخی واقعات کی یاد تازہ کرتا ہے، تاہم تاریخِ اسلام میں اس کی سب سے نمایاں نسبت نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی الّلہ عنہ، اہلِ بیتِ اطہار اور ان کے رفقائے وفا کی اس عظیم قربانی سے ہے جو 61 ہجری میں میدانِ کربلا میں پیش آئی۔واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ حضرت امام حسینؓنے اپنے عمل سے امتِ مسلمہ کو یہ تعلیم دی کہ حق، عدل، دیانت اور انسانی وقار کے تحفظ کےلئے ہر قسم کی قربانی دی جا سکتی ہے لیکن باطل، ظلم اور ناانصافی کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کیا جا سکتا، ان کی جدوجہد کا مقصد امت کی اصلاح اور دینِ محمدی کی حقیقی اقدار کا تحفظ تھا۔انہوںنے کہاکہ آج ہمیں بطور قوم یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی سیرت سے حق پسندی، اخلاقی جرات، صبر و تحمل، ایثار اور خدمتِ خلق کے اوصاف کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔انہوںنے کہاکہ میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ عاشورہ کے ایام میں امن، رواداری، بین المسالک احترام اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیں، افواہوں اور اشتعال انگیز رویّوں سے اجتناب کریں اور قومی وحدت و یکجہتی کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ الّلہ تعالیٰ ہمیں واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام کو سمجھنے، اس سے رہنمائی حاصل کرنے اور اپنی زندگیوں کو حق، عدل، صبر اور تقویٰ کے اصولوں کے مطابق استوار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں