امریکہ اور ایران کے معاہدے پر تکنیکی تیاریوں کا آغازہو چکا ہے، قطر
دوحہ۔۔۔۔قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات پر کام کرنے کے لیے تکنیکی ٹیموں نے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ماجد الانصاری نے عرب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی اور توانائی کی سپلائی کے استحکام کو برقرار رکھنا ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں بحری جہاز رانی کے تحفظ اور آزادی کو یقینی بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ خلیجی ممالک کے درمیان رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور یہ تعاون اعلی ترین سطح پر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی مکالمہ حسنِ ہمسائیگی، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے اصولوں پر استوار ہونا چاہیے۔