بلوچستان حکومت نے کفایت شعاری اور فیول کنزرویشن اقدامات ختم کر دیئے
کوئٹہ۔۔۔۔۔حکومت بلوچستان نے صوبے میں نافذ فیول کنزرویشن اور اضافی کفایت شعاری اقدامات فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ سید فیصل احمد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 10مارچ 2026ءسے نافذ تمام کفایتی پابندیاں فوری طور پر ختم کر دی گئی ہیں، تاہم کاروباری اوقات کار سے متعلق پہلے سے جاری نوٹیفکیشن بدستور نافذ العمل رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9بجے بند ہوں گے جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو رات 10بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آٹ لیٹس رات 11بجے تک کام کر سکیں گے، جبکہ پھل، سبزی، کریانہ اور گروسری کی دکانوں کو بھی رات 11بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ فارمیسیز، اسپتال، لیبارٹریز اور کلینکس پر اوقات کار کی کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔ اسی طرح بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس کو بھی استثنا حاصل ہوگا۔مزید برآں پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک وہیکل (ای وی)چارجنگ اسٹیشنز کو بھی اوقات کار کی پابندی سے مستثنا قرار دیا گیا ہے۔ جم، اسپورٹس فیسلٹیز، اسپورٹس اور پیڈل کورٹس پر بھی پابندی لاگو نہیں ہوگی، جبکہ آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔حکومت بلوچستان کے مطابق کفایت شعاری اقدامات کے خاتمے کا فیصلہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے، تاہم توانائی کے موثر استعمال اور کاروباری اوقات کار سے متعلق احکامات پر عملدرآمد جاری رہے گا۔