پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہ لانا افسوسنا ک ہے ، عبدالحئی سومرو
جیکب آباد (ر انیس جکھرانی) مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد بھی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کمی نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جیکب آباد سے سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، کندھ کوٹ، ٹھل، گڑھی خیرو اور بلوچستان جانے والی اکثر ویگنیں گیس پر چلتی ہیں، اس کے باوجود مالکان پٹرولیم کی قیمتوں کے بہانے عوام سے من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ اسی طرح کراچی روٹ پر چلنے والی کوچز بھی عوام کو ریلیف دینے سے انکاری ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد شہزاد احمد ساہی سے پرزور مطالبہ کیا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور ٹرانسپورٹ مالکان کا اجلاس بلا کر کرایوں کی نئی لسٹ جاری کروائی جائے اور اسے ویگنوں اور کوچز پر نمایاں جگہ آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے آر ٹی اے آفیسر کو بھی ہدایت کی کہ وہ خود سڑکوں پر آ کر کرایوں کی چیکنگ کریں اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور چالان کریں۔