بھوتانی برداران ہر مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، سردار محمد صالح بھوتانی
سونمیانی وندر(زبیر بلوچ)سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان BAP کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ بھوتانی برداران ہر مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے لسبیلہ اور حب کی عوام آج پیار محبت بھائی چارے اور باہمی اعتماد کی ایسی مضبوط زنجیر میں بندھ چکی ہے جسے اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر دنیا کی کوئی طاقت کمزور یا ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حب پروگرام میں عوام کی بھرپور شرکت والہانہ محبت اور فقیدالمثال استقبال نے ثابت کر دیا ہے کہ لوگ کس کے ساتھ کھڑے ہیں بھوتانی برداران اور عوام کے درمیان رشتہ محض سیاست نہیں بلکہ خلوص اعتماد اور محبت کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ آفس وندر میں مختلف علاقوں سے آنے والے وفود عمائدین سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔ سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ اگرچہ اس وقت ہمارے پاس کوئی سرکاری ترقیاتی نظام یا حکومتی وسائل موجود نہیں اس کے باوجود محبت کے اس عوامی کارواں میں مسلسل اضافہ اس بات کی واضح غمازی کرتا ہے کہ بھوتانی برداران آج بھی لسبیلہ اور حب کے عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں اور لوگ انہیں اپنی امیدوں اور اعتماد کا مرکز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے عوض وہ اپنے لوگوں کے حقوق کے تحفظ عزت و وقار کے دفاع اور جان و مال کی حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنان اور عوام کی ثابت قدمی وفاداری اور بے لوث محبت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اچھا وقت قریب ہے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ قبل ازیں سردار محمد صالح بھوتانی وندر پہنچے تو مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کارکنان معززین اور عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سڑک کے دونوں جانب قطاریں بنا کر ان کا خیر مقدم کیا اور بھرپور نعروں کے ذریعے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر لسبیلہ اور حب کے دونوں اضلاع سے بھوتانی گروپ کے سینئر رہنماو¿ں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ملاقاتوں اور عوامی رابطوں کے بعد سردار محمد صالح بھوتانی کراچی روانہ ہوگئے۔