حب : پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 73ویں یومِ پیدائش ہمیں اس عظیم قائدہ کی بے مثال جدوجہد، جمہوریت سے وابستگی اور وطنِ عزیز کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم تھیں جنہوں نے آمریت کے تاریک ادوار میں جمہوریت کا پرچم بلند رکھا۔ انہوںنے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی سیاسی بصیرت، جراتمندانہ قیادت اور عوامی خدمت کے جذبے سے ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ دیا اور پاکستان کو ایک روشن، ترقی یافتہ اور معتدل ریاست بنانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کی جدوجہد آج بھی ہر جمہوریت پسند کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بی بی شہید نے آمریت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر اس بات کو ثابت کیا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی شہادت پاکستان کی تاریخ کا وہ باب ہے جس نے قوم کے حوصلوں کو مزید مضبوط کیا۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی بصیرت افروز رہنمائی اور بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ پارٹی ملک میں جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بی بی کے نظریے کے مطابق ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ہر محاذ پر کردار ادا کرتی رہے گی۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی، جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی، اور ان کا مشن پاکستان کی ترقی، استحکام اور جمہوریت کی بقا کی ضمانت ہے۔
بی بی شہید نے آمریت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ، اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا‘میر علی حسن زہری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل