جناح ہاﺅس حملہ کیس، حماد اظہر کا جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور ۔۔۔۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی اور انہیں جناح ہاﺅس حملہ کیس میں چہرے پر کپڑا ڈال کر انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔اے ٹی سی میں پیش کرتے ہوئے پولیس نے عدالت نے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ حماد اظہر جناح ہاﺅس حملہ کیس میں کافی عرصے سے اشتہاری تھے اور اب گرفتار ہوئے ہیں تو تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا ہے اور اس کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کا فرانزک کروانا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر کے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ کچھ دیر کے لیے محفوظ کیا اور پھر ملزم کا 20روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔حماد اظہر کی پیشی کے موقع پر جج نے میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کردی۔جج نے کہا کہ وکلاءاور تفتیشی افسر کے علاوہ سب لوگ کمرہ عدالت سے باہر چلے جائیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ کارروائی شروع ہونے پر صحافیوں کو دوبارہ کمرہ عدالت میں بلا لیا جائے گا۔اس سے قبل ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حماد اظہر گزشتہ 3برس سے روپوش تھے اور لاہور پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے حماد اظہر کو حسبِ ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کو مجاز عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، جس کے بعد مقدمات سے متعلق مزید تفتیش کی جائے گی۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مقدمات کا چالان انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ گرفتار ملزم کا مضبوط چالان مرتب کرکے اسے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔پولیس کے مطابق حماد اظہر کے خلاف درج مقدمات اور ان میں عائد الزامات کی مزید تفصیلات تفتیش اور عدالتی کارروائی کے دوران سامنے آئیں گی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کر کے لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ حماد اظہر 9مئی 2023ءکے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے اور 9مئی 2023ءسے اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں