اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے بھارت میں ہونے والی بعض گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈا پاکستان کے خلاف جاری مہم کا ایک اور مظہر ہے، جس کا مقصد بھارت کے اندرونی سکیورٹی مسائل سے توجہ ہٹانا اور محدود سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بھارتی وزیر داخلہ کے پاکستان کو بھارت میں ہونے والی بعض گرفتاریوں سے جوڑنے کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کا پروپیگنڈا بھارت کے اندرونی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت اندرونِ ملک ایک جابر ریاست کے طور پر اقلیتوں پر مبینہ طور پر سخت مظالم ڈھا رہا ہے اور اختلافِ رائے کو دبایا جا رہا ہے، جبکہ بیرونِ ملک بھی بھارت پر دہشت گردی برآمد کرنے اور دہشتگرد عناصر کی معاونت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی مبینہ ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی، ہدف وار قتل اور بیرونِ ملک تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹا سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد مرتبہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی اور عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد عالمی سطح پر پیش کر چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارتی بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن جادیو کی گرفتاری، سزا اور پاکستان میں موجودگی کو پاکستان نے بھارت کی تخریب کاری اور دہشتگردی میں براہِ راست مداخلت کا ناقابلِ تردید ثبوت قرار دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں بھارت کی مبینہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے لیے اسے جوابدہ ٹھہرائے
بھارتی وزیر داخلہ کے پاکستان مخالف الزامات مسترد، بھارتی پروپیگنڈا پاکستان کےخلاف جاری مہم کا ایک اور مظہر ہے، ترجمان دفتر خارجہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل