بلوچستان میں ترقی کا سفر ہر علاقے تک لے جائینگے‘ سرفراز بگٹی

شمالی ڈیرہ بگٹی(خ ن) وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اپنے آبائی علاقے شمالی ڈیرہ بگٹی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین اور اپنے حلقے کے عوام سے ملاقات کی، روایتی بلوچی انداز میں حال احوال کیا اور علاقائی صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلیٰ نے عوام میں گھل مل کر مختلف محکموں سے متعلق شکایات سنیں اور متعدد عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ افسران اور سرکاری اہلکار عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور شہریوں کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا مقامی سطح پر فوری حل انہیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آنے کی مشکلات سے بچا سکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں گورننس کے نظام کو بہتر بنا کر عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا موثر طریقہ کار مرتب کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات اور سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر میسر ہوں اور انہیں معمولی نوعیت کے مسائل کے لئے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔ تعلیم کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بند پڑے سیکڑوں اسکول کھول کر عملی طور پر فعال کئے گئے ہیں۔ تعلیم ہی ملک، قوم اور خاندانوں کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت بلوچستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں صوبے میں امن کی ضامن ہیں۔ دہشت گرد نہتے اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر انسانیت سے عاری ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لئے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ قوم اپنے شہداءکی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیوں میں ہم اپنے عظیم شہداءکو نہیں بھولے۔ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور امن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءپوری قوم کا فخر ہیں اور ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت دیگر دور افتادہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز موجودہ حکومت کا اہم اعزاز ہے قبائلی عمائدین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی حکومتی اقدامات کے ثمرات نمایاں طور پر نظر آ رہے ہیں۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے، معیار کو یقینی بنانے اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اور دیگر ضلعی افسران نے وزیراعلیٰ کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے یتیم اور نادار بچوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کے لئے تعمیر کئے جانے والے اپنی نوعیت کے منفرد تعلیمی ادارے کی عمارت کا بھی دورہ کیا۔ منصوبے کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مستحق بچے معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، حکومت بلوچستان مستحق اور محروم طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسپورٹس گراو¿نڈ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان، صحت مند ماحول اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شمالی ڈیرہ بگٹی میں اسپورٹس گراو¿نڈ کے قیام سے علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور بین الاضلاعی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص کام کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت نے ناقص تعمیراتی کام کے خلاف موثر کارروائیاں کی ہیں اور آئندہ بھی معیار پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع اور مکمل کئے جن کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، پسماندگی کا خاتمہ اور ترقی کے ثمرات کو ہر علاقے تک پہنچانا ہے۔ حکومت کا مشن ہے کہ ترقیاتی عمل کو صرف بڑے شہروں تک محدود رکھنے کی بجائے ہر تحصیل اور یونین کونسل تک وسعت دی جائے تاکہ بلوچستان کا کوئی علاقہ ترقی کے عمل سے محروم نہ رہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام کی اہم وجوہات میں ترقیاتی وسائل اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور انہیں عوام کی دہلیز تک پہنچانا بھی شامل ہے۔ بلوچستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور عوامی فلاح و بہبود کا یہ سفر آئندہ بھی پوری رفتار سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختصر مدت کے دوران بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو مختلف سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کھیل کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات بھی کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، منصوبوں کے معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہ کی جائے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری شکیل قادر خان اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ عمران زرکون بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں