آزادی ایک عظیم نعمت ہے،سعیدالرحمن کاکڑ

بارکھان(خ ن)ملک بھر کی طرح ضلع بارکھان میں بھی پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول بارکھان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر بارکھان سعیدالرحمن کاکڑ تھے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نوید لطیف، پرنسپل میر ہزار خان کھیتران، اسسٹنٹ کمشنر احسان الدین کاکڑ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سمیت ضلعی افسران، اساتذہ کرام اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد طلبہ نے تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، تقاریر، ملی نغموں، ٹیبلو، دوڑ، کوئز اور دیگر مختلف پروگراموں میں بھرپور حصہ لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سعیدالرحمن کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال جدوجہد، قربانیوں اور بے مثال جدوجہد کا ثمر ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی قدر و حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، اس لیے طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، محنت، دیانت داری اور حب الوطنی کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے افکار و نظریات کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں بروئے کار لائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے تعلیم اور محنت کو اپنا راستہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے جشنِ آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں، بالخصوص ضلع بارکھان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاو¿ں کی اپیل کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نوید لطیف، پرنسپل میر ہزار خان کھیتران، ڈاکٹر امیر جان اور اسسٹنٹ کمشنر احسان الدین کاکڑ نے بھی جشنِ آزادی کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے پروگراموں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں ڈپٹی کمشنر سعیدالرحمن کاکڑ اور دیگر مقررین نے نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر طلبہ میں جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔دریں اثناءگورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بارکھان، گرلز کالج اور مختلف پرائمری اسکولوں میں بھی 79 ویں جشنِ آزادی کی پروقار تقریبات شایانِ شان طریقے سے منعقد ہوئیں، جہاں طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، تقاریر، ٹیبلوز اور دیگر پروگراموں کے ذریعے وطنِ عزیز سے محبت کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں