جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ ہر سطح پر جاری رکھے گی،ڈاکٹر حمیرا طارق

لاہور(پ ر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام وحدت روڈ لاہور پر مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے، ظالمانہ ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں لاہور بھر سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاءنے مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف شدید احتجاج کیااور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں واضح فرمایا ہے کہ “اللہ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہ کرے۔” انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت لاکھوں مسلمانوں، خصوصاً خواتین نے بے مثال قربانیاں اس امید پر دیں کہ اس سرزمین پر عدل، مساوات اور اسلامی فلاحی نظام قائم ہوگا، مگر افسوس کہ آج بھی عوام ظلم، مہنگائی اور ناانصافی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کا مطلب کیا، لا الٰہ الا اللہ” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عادلانہ معاشی و سماجی نظام کا تقاضا ہے، جہاں ہر شہری کو اس کا حق ملے اور ظلم کا خاتمہ ہو۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آئے روز نئے ٹیکس، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا چکا ہے۔ آج ایک مزدور کی آمدن سے کئی گنا زیادہ بجلی کا بل آ رہا ہے، مائیں اپنے بچوں کی تعلیم اور علاج سے محروم ہونے پر مجبور ہیں اور گھریلو بجٹ سنبھالنے کے لیے اپنی بنیادی ضروریات قربان کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے گھریلو سکون چھین لیا ہے، معاشرتی بے چینی، خاندانی تنازعات اور طلاق کی شرح میں اضافہ اسی ظالمانہ معاشی نظام کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ ہر سطح پر جاری رکھے گی اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ظلم اور استحصال کا نظام ختم نہیں ہو جاتا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی خواتین میدان میں اتری ہیں، انہوں نے ہر انقلابی تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ آج خواتین اپنے بچوں کے مستقبل، اپنے گھروں کے معاشی تحفظ اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اب مزید ظلم برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے حقوق کے لیے کھڑی نہیں ہوتی وہ خود اپنے مستقبل سے محروم ہو جاتی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں