شہدائے پولیس نے اپنے لہو سے امن کی شمع روشن رکھی،ثمینہ ممتاز زہری

اسلام آباد(پ ر ) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے 4 اگست یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے ان بہادر محافظوں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عزت، فخر اور احترام سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس وطن کے امن، قانون کی حکمرانی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی علامت ہے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور جرائم کے خلاف ہر محاذ پر پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے جس بے مثال بہادری، فرض شناسی اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ شہدائے پولیس نے اپنے لہو سے امن کی شمع روشن رکھی، جبکہ زخمی غازیوں نے اپنی جرات اور قربانی سے فرض شناسی کی نئی تاریخ رقم کی۔ قوم ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہداءکو عزت دیتی ہیں، وہی مضبوط، باوقار اور محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھتی ہیں۔ آج کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم شہداءکے مشن کو آگے بڑھائیں گے، قانون کی پاسداری کریں گے اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ پوری قوم کا سرمایہ ہیں، ان کی عزت، فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، زخمی اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی اور ملک میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارا قومی فخر ہیں۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، وفا اور حب الوطنی کی روشن مثال بنی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں