وزیراعظم کی ہدایت پر آئیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن ،7ارب روپے سے زائد کے واجبات وصول

اسلام آباد۔۔۔۔وزیراعظم کی ہدایت پر آئیسکو نے بجلی چوری اور ناہندگان کے خلاف کریک ڈاﺅن کے دوران 7ارب روپے سے زائد کے واجبات وصول کرلئے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے وژن ہدایات اور مکمل سپورٹ کی بنیاد پر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو ریجن میں بجلی چوروں اور بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف تسلسل سے ایک کامیاب کریک ڈاﺅن جاری ہے۔چیف ایگزیکٹیو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کے ستمبر2023ءسے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں 7073بجلی چوروں کو 60کروڑ 91لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ 3299بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا اس طرح واجبات ریکوری مہم کے دوران 2لاکھ 32ہزار سے زائد صارفین سے 7ارب سے زائد واجبات وصول کیے جا چکے ہیں۔انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کے چرمین آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود آئیسکو بورڈ ممبران اور آئیسکو انتظامیہ حکومتی ہدایات پر بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹاولرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور اسی ٹیم ورک کی بدولت آئیسکو نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں ایک بہترین ڈسٹری بیوشن کمپنی کی حیثیت سے خود کو منوایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے افسران، ہماری عزم اور ریکوری ٹیموں کی کارکردگی بے شک معیاری ہے اور کارکردگی کے اس اعلی معیار کو ہمیشہ برقرار رکھیں گئے، بجلی چوروں کے خلاف گھیرے کو مزید تنگ کرنے کے لئے آئیسکو میں 12 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔ اس کے علاہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں