جمعیت علمائے اسلام کا فکری و نظریاتی شجرہ قرآن و سنت اور تعلیماتِ رسول ﷺسے جڑا ہے، مولانا فضل الرحمن

ڈی آئی خان……جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کا فکری اور نظریاتی شجرہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات، قرآن و سنت اور آپ کے قول و فعل سے جڑا ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے جمعیت علمائے اسلام کے قدیم مرکز جامعہ عثمانیہ مریالی کا دورہ کیا، جہاں جامعہ کی مجلسِ شوری، اساتذہ اور طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر مجلسِ شوری، اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا قیام ایک عظیم نظریے کی بنیاد پر عمل میں آیا، جس کا مقصد اللہ تعالی کی زمین پر قرآن و سنت کے مطابق اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس جماعت کی بنیاد قرآن و سنت اور رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پر رکھی گئی ہو، اس کے مقصد اور کاز کے لیے کام کرنا محض سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ اللہ تعالی کی رضا کے لیے ایک خالص دینی اور ملی فریضہ ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے بانی اکابرین نے اللہ تعالی اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو سامنے رکھتے ہوئے اس جماعت کی بنیاد رکھی، اسی لیے جمعیت علمائے اسلام دیگر جماعتوں سے ممتاز حیثیت رکھتی ہے اور اس کا فکری و عملی تسلسل رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات سے وابستہ ہے۔انہوں نے جامعہ عثمانیہ مریالی کی دینی، تعلیمی اور انتظامی ترقی کو سراہتے ہوئے اس کی مسلسل ترقی پر خوشی کا اظہار کیا۔جامعہ کے مہتمم اور جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری مولانا قاری محمد عمیر فاروقی نے مولانا فضل الرحمن کی جامعہ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے جامعہ میں زیرِ تعمیر دارالحدیث کےلئے خصوصی دعا کرائی اور اساتذہ کرام سے ملاقات بھی کی۔جامعہ کی مجلسِ شوری نے مولانا فضل الرحمن کی آمد کو ادارے کےلئے باعث اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی سے جامعہ کی دینی و تعلیمی خدمات مزید فروغ پائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں