بلوچستان میں حکومتی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں‘ ظہور بلیدی

تربت: صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی موثر انداز میں حکومت چلا رہے ہیں، بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں، نیشنل پارٹی بلوچستان اسمبلی میں پانچویں نمبر کی جماعت ہے، ترقیاتی منصوبوں پر 100 فیصد سے زائد عملدرآمد ہوا، اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور موجودہ حکومت نے صوبائی ترقیاتی پروگرام پر 100 فیصد بلکہ اس سے بھی زیادہ عملدرآمد یقینی بنایا ،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے اور سرحد پار سے بیرونی حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اس عزم پر قائم ہیں کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی، موجودہ انسرجنسی کو سپورٹ کرنے والوں کے اپنے جیو پولیٹیکل مفادات ہیں اور وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جبکہ اس جنگ کا سب سے زیادہ نقصان بلوچ قوم کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوان اور بلوچ دانشور اس صورتحال کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں جبکہ بلوچ خواتین کا خودکش حملوں میں استعمال بلوچ اقدار، روایات اور بلوچ کوڈ آف کنڈکٹ کے خلاف ہے، جس کی پورے معاشرے کو حوصلہ شکنی کرنی چاہئے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی ریاستی بیانیے پر کھل کر بات کر رہے ہیں اور حکومت کو موثر انداز میں چلا رہے ہیں، دو روز قبل صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، تاہم صدر مملکت نے صوبائی حکومت کی تبدیلی سے متعلق کوئی ذکر نہیں کیا، انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی یا ڈھائی سالہ فارمولے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں محض افواہ ہیں اور اس حوالے سے نہ پارٹی قیادت نے کوئی بات کی اور نہ ہی ہمارے سامنے ایسا کوئی معاملہ آیا ،انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان اسمبلی میں پانچویں نمبر کی جماعت ہے مگر وہ وزارت اعلیٰ کے خواب دیکھ رہی ہے،صوبائی وزیر نے کہا کہ بلیدہ ڈویلپمنٹ پیکیج کی تکمیل سے علاقے میں نمایاں ترقی اور معاشی انقلاب آئے گا جبکہ بلیدہ کو سڑکوں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے صوبے، ملک اور بین الاقوامی شاہراہوں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں