اسلام آباد۔۔۔۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت میں بیٹھی ہے،آپ فارم 47 کی بنیاد پر حکومت پر قابض ہیں،چیلنج ہے پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں بد ترین دھاندلی کی گئی،وزیراعلیٰ کی گفتگو چوری اور سینہ زوری ہے۔سندھ کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت خیراتی مینڈیٹ پر بیٹھی ہوئی،ن لیگ فارم 47 کی پیداوار ہے،2024 کے الیکشن میں آپ کو بدترین شکست ہوئی اور سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی سے بھی پوچھ لیں آپ کو ووٹ نہیں ملا تھا، چیلنج ہے پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں۔ آپ فارم 47 کی بنیاد پر حکومت پر قابض ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ آپ کی لیڈر شپ ہمیشہ معاہدے کرکے کے ملک سے بھاگی ہے، ہم لوگ بھاگے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے وفاقی وزیر آج صبح تک میرپور ڈویژن میں موجود تھے اور انتظامیہ پر اثر انداز ہو رہے تھے، آپ کے وفاقی وزرا نے الیکشن کمیشن کے ضابطوں کی خلاف ورزی کی۔انہوںنے کہاکہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کو کرنے دیں،وفاقی حکومت میں زبردستی آکر بیٹھے ہیں اور اب آپ آزاد کشمیر میں زبردستی حکومت کرنا چاہ رہے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعظم فیصل راٹھور آزاد کشمیر نے پیپلز پارٹی کے کسی جلسے میں شرکت نہیں کی،آپ اور وفاقی وزرا الیکشن مہم کے لیے جلسے کرتے رہے۔ آپ نے الیکشن سے تین دن پہلے وہاں گرین بسیں بھجوائیں۔ سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے،آپ کی جماعت اقتدار کی ہوس میں ہر ناجائز طریقے اختیار کرنے پر تیار ہے۔ آپ نے پنجاب میں کام کیا اور مقبول ہیں تو استعفی دیں اور دوبارہ الیکشن لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ تخت لاہور پر زبردستی سے قابض ہیں،آپ ڈنڈے کے زور پر سیٹ چھین سکتے ہیں لیکن عوام کے دل میں محبت نہیں ہوگی۔شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بہترین طبی سہولتیں سندھ میں ہیں، ن لیگ وفاق میں جب بھی حکومت میں رہی ہے اس نے سندھ کو نظر انداز کیا،پورے ملک سے سندھ میں لوگ علاج کے لیے آتے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پورے ملک میں سب سے بہتر سندھ میں کام کر رہی ہے۔
آپ فارم 47 کی بنیاد پر حکومت پر قابض ہیں، چیلنج ہے پنجاب میں دوبارہ الیکشن لڑ کر دکھا دیں،شرجیل میمن
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل