کراچی:موبائل فون روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے اور تقریباً ہر شخص اسے روزانہ ایک یا ایک سے زیادہ مرتبہ چارج کرتا ہے۔ ایسے میں اکثر صارفین کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا موبائل فون بار بار چارج کرنے سے بجلی کا بل نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے؟ ماہرین کے مطابق اس کا جواب نفی میں ہے۔توانائی کے ماہرین کے مطابق موبائل فون چارج کرنے میں بجلی کی کھپت انتہائی کم ہوتی ہے۔ اگر اس کا موازنہ فریج، پنکھے، استری، ایئرکنڈیشنر یا دیگر گھریلو برقی آلات سے کیا جائے تو موبائل فون کی چارجنگ نہ ہونے کے برابر بجلی استعمال کرتی ہے۔ماہرین کے مطابق بجلی کے استعمال کا انحصار موبائل کی بیٹری کی گنجائش، چارجر کی صلاحیت اور چارج ہونے میں لگنے والے وقت پر ہوتا ہے۔ عام طور پر ایک اسمارٹ فون مکمل چارج ہونے کے دوران بہت معمولی مقدار میں بجلی استعمال کرتا ہے، جس کا اثر ماہانہ بجلی کے بل پر تقریباً محسوس نہیں ہوتا۔ماہرین نے کہا کہ اگر کوئی صارف پورے سال روزانہ بھی اپنا موبائل چارج کرے تو مجموعی طور پر صرف چند یونٹس بجلی خرچ ہوتی ہے۔ فاسٹ چارجر نسبتاً زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں، تاہم اس سے بھی بجلی کے بل میں کوئی نمایاں اضافہ نہیں ہوتا۔انہوں نے واضح کیا کہ موبائل فون چارج کرنے کے اخراجات گھریلو بجلی کے استعمال میں سب سے کم شمار ہوتے ہیں، اس لیے صرف موبائل چارجنگ کی وجہ سے بجلی کے بل میں نمایاں اضافے کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔البتہ ماہرین نے محفوظ چارجنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ صارفین ہمیشہ معیاری یا اصل چارجر استعمال کریں، چارجنگ کے دوران موبائل فون کو تکیے، گدے یا لحاف کے نیچے نہ رکھیں کیونکہ اس سے فون کا درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے اور بیٹری متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اسی طرح خراب یا غیر معیاری چارجر کا استعمال فوری ترک کر دینا چاہیے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا بیٹری کو نقصان سے بچا جا سکے۔
موبائل فون چارج کرنے میں بجلی کی کھپت انتہائی کم ہوتی ہے،ماہرین
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل