نارووال ۔۔۔۔۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو اعلی تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،سائنس اور ٹیکنالوجی مستقبل کی معیشت کا تعین کریں گی، اگلے دس سال قوموں کی ترقی کا فیصلہ کن دور ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ ڈگری کالج کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ میرٹ پر بہترین تعلیمی اداروں میں داخلے کے مواقع بڑھائے جا رہے ہیں،نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو کٹے اور کٹیاں نہیں دیں گے، ہم نوجوانوں کو جدید تعلیم، لیپ ٹاپ اور سکلز دیں گے، مصنوعی ذہانت دنیا میں غیر معمولی تبدیلیاں لانے جا رہی ہے،سائنس اور تحقیق میں سرمایہ کاری مستقبل کو محفوظ بنائے گی۔احسن اقبال نے کہا کہ جدت اور ایجادات سے دور قومیں ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گی، نوجوانوں میں تحقیق اور اختراع کا جذبہ بیدار کرنا ضروری ہے، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ قومیں ہی عالمی مقابلے میں کامیاب ہوں گی، آئندہ دہائی میں سائنسی ترقی قومی بقا ءکے لیے ناگزیر ہے، مسلمانوں نے کبھی علم اور سائنس میں دنیا کی قیادت کی، قرآنِ مجید کائنات میں غور و فکر کی دعوت دیتا ہے ،تحقیق اور علم کی روایت کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا، مستقبل محفوظ بنانا ہے تو سائنس اور ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔قبل ازیں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن)ملک میں ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی سائنس سے بخوبی واقف ہے ،آزاد کشمیر کے عوام آئندہ انتخابات میں (ن)لیگ کو ووٹ دے کر درحقیقت ترقی کے سفر کو منتخب کریں گے ۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)بھاری اکثریت حاصل کرے گی ۔انہوں نے یاد دلایا کہ جب آزاد کشمیر میں (ن)لیگ کی حکومت تھی تو اس دور کو بہترین ترقیاتی دور کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے، پاکستان میں جب بھی (ن)لیگ برسرِاقتدار آتی ہے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا جاتا ہے جس کی واضح مثال آج پنجاب کی موجودہ حکومت ہے۔ احسن اقبال نے صوبوں کی ترقی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر صوبہ پنجاب جیسی مثالی ترقی کا خواہشمند ہے ،کشمیر اور سندھ کے عوام واضح فرق دیکھ رہے ہیں ،ایک طرف کراچی اور پشاور کا ماڈل ہے اور دوسری طرف لاہور کا ترقیاتی ماڈل کوئی بھی سمجھدار شخص کراچی یا پشاور جیسا ماڈل نہیں چاہے گا ،آج کراچی اور پشاور کے رہائشی بھی لاہور جیسے ماڈل کے متمنی ہیں ،اس لیے کشمیر کے عوام بھی (ن)لیگ کو کامیاب بنا کر ترقی کا ساتھ دیں گے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے یونیورسٹی آف نارووال میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام پروگرام میں شرکت کی ۔پروگرام کی تمام تربیتی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل کرنے پر وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں اور نوجوانوں کے تخلیقی و سماجی کاروباری منصوبوں کو غیر معمولی سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ۔
آزاد کشمیر کے عوام ن لیگ کو ووٹ دے کر ترقی کے سفر کو منتخب کرینگے‘ احسن اقبال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل