شہباز شریف کا جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز آپریشن ”عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں