محسن نقوی کا تربت میں ایف سی کے جدید ہسپتال کا افتتاح، طبی سہولیات کا جائزہ

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساوتھ)ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کیا اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ہسپتال کے او پی ڈی، مختلف وارڈز، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین رومز اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھنے کی تلقین کی۔محسن نقوی نے مختصر مدت میں جدید ہسپتال کو مکمل اور فعال بنانے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ)میجر جنرل بلال سرفراز خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی ہسپتال کو اتنی جلد فعال دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تربت میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال کی اشد ضرورت تھی، جس سے نہ صرف ایف سی کے اہلکار بلکہ مقامی آبادی بھی معیاری علاج کی سہولیات سے مستفید ہوگی۔اس موقع پر وزیر داخلہ کو ایف سی ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر بریفنگ دی گئی جبکہ آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ)نے فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، آپریشنل تیاریوں اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بھی آگاہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی بلوچستان (ساوتھ)کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں، بشمول فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز میں ایف سی کے جوانوں کی قربانیاں اور خدمات قابل قدر ہیں اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں